جمعہ کی علی الصبح غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کے دوران زخمی ہونے والا شدید زخمی فلسطینی بچہ شہادت پا گیا ہے۔ بارہ سالہ رمضان بھجت الزعلان کے والد پہلے ہی صہیونی لڑاکا طیاروں کی اس خوفناک بمباری میں شہید ہوچکےہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے جمعہ کے روز فجر کے وقت غزہ کی پٹی میں بھجت الزعلان نامی فلسطینی کے مکان کو ہدف بنایا تھا جس سے الزعلان شہید جبکہ ان کے خاندان کے گیارہ افراد زخمی ہو گئےتھے۔ شدید زخمیوں میں ان کا بیٹا رمضان بھجت الزعلان بھی شامل تھا جو آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ایف سولہ طرز کے طیاروں نے غزہ شہر میں تین مقامات کو ہدف بنایا تھا جن میں شہید عماد ابو قادوس اور عبد العزیزرنتیسی کے مقامات شامل ہیں۔ اسی طرح غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح کے شمالی حصے میں بھی بمباری کی گئی ہے۔