فلسطین کے ساحلی شہر غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے جنگی طیارے کے ذریعے داغے گئے ایک میزائل حملے میں ایک کار میں سوار د و فراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج کے ایک جنگی طیارے نے جمعرات کی شام غزہ کے وسط میں شاہراہ عمرمختار ایک کار پر میزائل داغا، جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ میڈیکل ذرائع کے مطابق دونوں شہداء کی میتوں اور زخمیوں کو غزہ کے الشفاء اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں شہداء کی شناخت عصام اور صبحی البطش کے ناموں سے کی گئی ہے۔
ادھر اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کےعسکری ونگ القسام بریگیڈ کے مطابق صبحی البطش کا تعلق القسام بریگیڈ سے ہے جبکہ دوسرے شہید کا تعلق ایمن جودہ بریگیڈ سے بتایا جاتا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق قابض صہیونی فوج کے جنگی طیارے اور بغیر پائلٹ کے جہاز غزہ کی فضاء میں مسلسل محو پرواز ہیں جس سے عام شہریوں میں سخت خوف وہراس پایا جاتا ہے۔