فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے سے ملحقہ مقبوضہ وادی اردن میں اسرائیلی فوج نے تازہ جنگی مشقیں شروع کی ہیں۔ مغربی کنارے کے شمال میں وادی اردن میں شروع ہونے والی ان جنگی مشقوں میں ہزاروں کی تعداد میں
فوجی حصہ لے رہے ہیں۔
فلسطین کے مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ وادی اردن میں پیر کے روز اسرائیلی فوج کی جنگی مشقیں شروع ہوئیں۔ فوج نے مشقوں کے آغاز سے قبل وادی اردن میں بڑی تعداد میں فوجی گاڑیوں کے ذریعے گشت شروع کردیا۔
عینی شاہدین اور مقامی فلسطینی آبادی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی تازہ شروع ہونے والی مشقیں نہایت اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہیں کیونکہ ان مشقوں میں اسرائیلی فوج کو ایک حقیقی جنگ کی حالت میں دشمن کی فوج سے نمٹنے کی تربیت دی گئی ہے۔
ذرائع کےمطابق اسرائیلی فوج کے چھاتہ بردار دستوں کے علاوہ بری فوج بھاری توپخانے سے مختلف فرضی اہداف کونشانہ بنا رہی ہے۔ وادی اردن کے مقامی فلسطینی شہریوں کاکہنا ہے کہ صہیونی فوج نے کئی روز قبل ہی ان کے وادی اردن کے صحرائی علاقوں میں جانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔