اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم گزشتہ ماہ حماس کے ساتھ تمام اسیرات کو رہا کرنے کے معاہدے کے بعد صہیونی فورسز نے ضلع الخلیل کی تاریخی مسجد ابراھیمی کے قریب سے ایک فلسطینی خاتون کو گرفتار کرلیا۔
فلسطینی خاتون کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اولو العزم پیغمبر حضرت ابراھیم علیہ السلام کے نام سے منسوب مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے جاری رہی تھیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ حراست میں لی گئی خاتون 23 سالہ علا احمد حسن الرجوب تھی جس کا تعلق الخلیل شہر کے علاقے الکوم سے تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی حکام نے نوجوان خاتون کے اہل خانہ کو علاء الرجوب کی گرفتاری کا پیغام بھجوایا اور بتایا کہ انہیں تحقیق کے لیے یہودی بستی ’’کریات اربع‘‘ منتقل کردیا گیا ہے۔
صہیونی حکام نے اس بابت کچھ نہیں بتایا کہ فلسطینی خاتون کو کس وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوجی گیلاد شالیت کی رہائی کے بدلے 1027 فلسطینی اسیران کی رہائی کے معاہدے میں اسرائیلی اپنی جیلوں کو تمام فلسطینی اسیرات سے خالی کرنے کا وعدہ کر چکا ہے۔