اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے سربراہ خالد مشعل نے خلیجی ریاست قطر کے سربراہ الشیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کےامور اور فلسطین کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق خالد مشعل نے بدھ کے روز دوحہ میں امیر قطر سے ان کے شاہی محل میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خالد مشعل نے اپنے حالیہ دورہ قاہرہ اور فلسطینیوں کے درمیان مفاہمتی معاہدے کے بارے میں تفصیلات کے بارے میں بھی امیرقطر کو آگاہ کیا۔
خالد مشعل نے قطر کا دورہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب اردنی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق مشعل قطرکے ولی عہد شہزادہ الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی معیت میں جلد ہی اردن کا دورہ کرنے والے ہیں۔ ان کا یہ دورہ نہایت اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق امیرقطر کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوںرہ نماؤں کے مابین فلسطینی کی تازہ صورت حال، اسرائیل کی غیر قانونی یہودی آباد کاری اور فلسطینیوں کے درمیان ممکنہ مفاہمتی معاہدے پر تبادہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ اردنی وزارت اطلاعات نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ حماس کے رہ نما خالد مشعل اور قطری ولی عہد اسی ہفتے کے آخرمیں عمان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے فی الحال اردن کا دورہ شروع نہیں کیا ہے تاہم بہت جلد وہ اردن کے دورے خصوصی دورے پر روانہ ہو جائیں گے جہاں ان کی ملاقات اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کے ساتھ بھی متوقع ہے۔