مصرمیں ایک ریسرچ انسٹیٹیوٹ” فلسطین اسٹڈی سینٹر” کے چیئرمین ابراہیم الدراوی نے کہا ہے کہ فلسطینی جماعتوں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” اور فتح کی سربراہ ملاقات کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
دونوں جماعتوں کے وفود بدھ کے روز قاہرہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے حماس کےسیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اورفتح کے سربراہ اور صدر محمود عباس کے درمیان بات چیت کا ایجنڈا طے کیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ابراہیم الدراوی کا کہنا تھا کہ حماس اور فتح کا ایک ایک وفد منگل کے روز بھی قاہرہ پہنچا تھا تاہم دونوںجماعتوں کے مزید قائدین بدھ کو مصرپہنچے ہیں۔ بدھ کے روز قاہرہ پہنچنے والے حماس کے وفد کی سربراہی تنظیم کے سیاسی شعبے کےسربراہ خالد مشعل کر رہے ہیں جبکہ فتح کی جانب سے وفد کی سربراہ خود صدر محمود عباس ہیں۔
ایک دوسرے سوال کے جواب میں الدراوی کا کہنا تھا کہ حماس اور فتح کی قیادت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین میں مفاہمت کے قیام، مفاہمت کے بعد قومی عبوری حکومت کی تشکیل، انتخابات، تنظیم آزادی فلسطین جیسے مسائل محوری موضوعات ہوں گے۔
حماس کے وفد میں تنظیم کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل، نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق، سیاسی شعبے کے رکن محمد نصر، عزت رشق ،ڈاکٹر خلیل حیہ، نزار عوض اللہ جبکہ فتح کے عزام الاحمد، ڈاکٹر صائب عریقات اور میجر جنرل ماجد الفرج شامل ہیں۔