مصرمیں فلسطین اسٹڈی سینٹر کے چیئرمین اور معروف سیاسی تجزیہ نگار ابراہیم الدراوی نے کہا ہے کہ کل جمعرات کو قاہرہ میں حماس اور فتح کی سربراہ ملاقات میں تین اہم موضوعات زیربحث آئیں گے۔ ان میں فلسطین میں آئندہ کی قومی عبوری حکومت، تنظیم آزادی فلسطین کی تشکیل نو اور پارلیمانی انتخابات یہ تین مرکزی اور بنیادی موضوعات ہوں گے۔
عرب خبررساں ایجنسی "قدس پریس” سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قاہرہ میں جمعرات کے روز حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور صدر محمود عباس کے مابین مذاکرات کا جو شیڈول طے کیا گیا ہے۔ اس میں فلسطین میں تنظیم آزادی فلسطین میں تمام جماعتوں کی شمولیت، پارلیمانی انتخابات کی تاریخ کا اعلان اور مفاہمت کی صورت میں قومی عبوری حکومت کا قیام شامل ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں ابراھیم الدراوی کا کہنا تھا کہ اب تک حماس اور فتح کے مابین جو گفت وشنید ہو چکی ہے اس کے مطابق دونوں جماعتوں کی سربراہ ملاقات میں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر مذاکرات شامل ہیں تاہم فتح کے لیڈر سلام فیاض کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ دیے جانے کا کوئی امکان نہیں۔
مصری تجزیہ نگارکا کہنا تھا کہ عبوری حکومت کی تشکیل کے ساتھ انتخابات تاریخ کا اعلان اہم نوعیت کا معاملہ ہے کیونکہ دونوں بڑی جماعتیں انتخابات کے حوالے سے الگ الگ نقطہ ہائے نظر رکھتی ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطینی جماعتوں حماس اور فتح کے سربراہان جمعرات کو قاہرہ میںملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات میں کئی ماہ سے جاری مفاہمتی کوششوں کوآگے بڑھانے اور قومی حکومت کے امکانات دیکھے جا رہے ہیں۔