قابض اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے پیر کے روز گزشتہ ماہ تبادلہ اسیران معاہدے میں رہا ہونے والے فلسطینی اسیر ھانی جابر کے گھر پر دھاوا بول کر بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے اولڈ میونسپلٹی میں یہودی بستی ’’کریات اربع‘‘ کے قریب فلسطینی آبادی پر مشتمل جابر کالونی پر حملہ کیا اور فلسطینی سابق اسیر کے گھر پر حملہ کر دیا، اسرائیلی فورسز نے گھر کی تلاشی کے بعد ھانی جابر کے لیے تفتیش کے لیے ہیڈ کوارٹر حاضری کا نوٹس جاری کردیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ حماس اور اسرائیل کے مابین اٹھارہ اکتوبر کو ہونے والے تبادلہ اسیران کے نتیجے میں رہا ہونے والے جابر کے گھر پر کئی مرتبہ چھاپے مارے جا چکے ہیں۔
ھانی جابر کو ستمبر 1985ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کوعمرقید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم وہ گزشتہ ماہ پانچ سال سے فلسطینی مزاحمت کاروں کے زیر حراست اسرائیلی فوجی گیلاد شالیت کے بدلے رہا ہونے والے 477 فلسطینی اسیران میں شامل ہوکر رہا ہوئے تھے۔ ھانی جابر شادی شدہ ہیں اور ان کی ایک بیٹی ہے۔