اسرائیلی فوج نے فلسطینی محاصرہ زدہ شہر غزہ کی پٹی پر رات گئے تین مقامات پر بمباری کی ہے جس میں متعدد عمارتوں کونقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
غزہ میں ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے ترجمان ادھم ابوسلمیہ نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کے شمال اور مشرق میں تین مقامات پر بمباری کی، تاہم ان حملوں میں اب تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں۔
ایمرجنسی سروسز کےترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں بعض ذرائع سے یہ اطلاعات ملی تھیں کہ غزہ کے شمال میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کی گئی بمباری میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی جا سکی۔
ادھرمرکز اطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق قابض صہیونی فوج کے جنگی طیاروں نے رات گئے شمالی غزہ پر دو میزائل داغے جو ایک ویران جگہ گرے۔ ان سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ نامہ نگار کے مطابق صہیونی طیاروں کا ہدف فلسطینی مزاحمت کاروں کا ایک گروہ ہو سکتا ہےکیونکہ یہ بم اسی علاقے میں گرائے گئے جہاں فلسطینی مزاحمت کار تربیتی مشقوں میں مصروف تھے۔
عینی شاہدین کےمطابق غزہ کے شمال میں رات گئے ایک زور دار دھماکہ سنا گیا۔ غزہ کے مشرق میں بھی فلسطینی مزاحمت کاروں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا تاہم مجاہدین حملے سے قبل فرار میں کامیاب ہو گئے۔