فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی شمالی غزہ میں فلسطینی بحری پولیس کے ہیڈ کوارٹر پر ہولناک بمباری سے اس کی جنگی جنونیت اور دہشت گردانہ ذہنیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ گزشتہ روز کی گئی اس بمباری میں پولیس کا ایک اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے تھے۔
فلسطین کی سب سے بڑی سیاسی اور مزاحمتی تنظیم حماس کے زیر انتظام غزہ کی فلسطینی حکومت کے وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ نے اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں شہید ہونے والے محمد زاھر الکیلانی کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
مسجد سلیم ابو سلیم جہاں سے شہید الکیلانی کا جنازہ اٹھایا گیا میں خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا ہم فلسطینی حکومت کی جانب سے پوری فلسطینی قوم، مزاحمتی تنظیموں کے کارکنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ قوم اور وطن کے تحفظ کے لیے اگلی صفوں میں آئیں۔ سکیورٹی فورسز اور فلسطینی حکومت کے صفوں میں شامل ہوکر قوم کے تحفظ کے اپنے فریضے کی ادائیگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
الکیلانی اور ان کے جیسے دیگر شہداء نے فلسطینی نوجوانوں کے لیے وطن و قوم کے تحفظ کے لیے بے نظیر قربانیوں کی مثال قائم کردی ہے۔ ان نوجوانوں نے اپنی قومی مفاد کے خلاف اسرائیلی کے ساتھ تعاون سے انکار کر دیا تھا۔ فلسطینی نوجوانوں کو محمد الکیلانی جیسے نوجوانوں کے نقش قدم پر چلنا ہو گا۔
اسماعیل ھنیہ کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ رمضان میں بھی اسرائیلی فوج نے فلسطینی بحری پولیس کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا تھا۔ فلسطینی پولیس پر بمباری سے اسرائیلی جنگی جنونیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ نے شہید کے نماز جنازہ کے بعد کمال عدوان ہسپتال میں زخمیوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔