اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے سب سے بڑے ضلع الخلیل میں مقامی ریڈیو سے تعلق رکھنے والے ایک معروف صحافی رائد راتب شریف کو حراست میں لے لیا ہے۔ صحافی کے والد کا کہنا ہے کہ پیر کی علی الصبح اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد دروازہ توڑ کر ان کے گھر میں داخل ہوئی اور تمام گھر والوں کو باہر نکال دیا۔
راتب شریف کے والد کا کہنا ہے کہ صہیونی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے گھر کی تفصیلی تلاشی لینے کے بعد ان سے ان کے بیٹے کے متعلق استفسار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ راتب دوسرے گھر میں رہتا ہے جس کے بعد اسرائیلی فوج نے اس دوسرے گھر پر چھاپہ مار کر بیٹے کو اغوا کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے فوج کو کہا کہ وہ شریف کے گھرکا دروازہ زور سے نہ کھٹکائیں اور اس گھر میں توڑ پھوڑ نہ کریں کیونکہ شریف کی بیوی حمل سے ہے، لیکن فوجی اہلکاروں نے مجھے خاموش رہنے کا حکم دیا۔
اسرائیلی فوجیوں کی اس کارروائی کے بعد فلسطینی میڈیا فورم نے راتب شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔ میڈیا فورم نے اسرائیلی حکام سے راتب شریف کو فوری رہا کرنے کامطالبہ بھی کیا۔