اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ اور یورپی یونین نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو پر اس ضمن میں دباؤ بڑھا دیا ہے کہ وہ اسرائیل میں کام کرنے والی سیاسی این جی اوز کے لیے غیر ملکی فنڈنگ کو محدود کرنے کی بل کی منظوری نہ ہونے دیں۔
عبرانی زبان میں شائع ہونے والے کثیر الاشاعات اسرائیلی روزنامے ’’ھارٹز‘‘ کی اتوار کے روز شائع رپورٹ کے مطابق مغرب کی جانب سے دباؤ بڑھایا جارہا ہے کہ اسرائیلی سیاسی این جی اوز کی بیرونی امداد کو بیس ہزار شیکل تک محدود کرنے کے اس بل کو رد کردیا جائے ۔
اخبار کے مطابق اسرائیل میں یورپی یونین کے ترجمان ’اندرو سٹینلی نے گزشتہ جمعرات اسرائیلی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر یعقوب عمیدور سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ اس بل کی منظوری کے بعد یورپ میں جمہوری اسرائیل کے تاثر کو شدید دھچکا لگے گا۔
تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز اس بل پر بحث کے بعد اسرائیلی وزراء نے اس بل کو منظور کرلیا ہے۔ اس بل کی رو سے غیر ملکی حکومتیں، یورپی یونین اور اقوام متحدہ جیسے ادارے اسرائیل میں کام کرنے والی کسی بھی سیاسی غیر تجارتی تنظیم کو بیس ہزار شیکل سے زائد فنڈنگ نہیں کر سکیں گی۔ اسرائیلی وزیر اعظم اس سے قبل ہی اس بل کی حمایت کا اعلان کر چکے تھے۔