اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ خالد مشعل نے اتوار کے روز رام اللہ اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے ٹیلیفون پر بات کی۔ خالد مشعل نے ابو مازن کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔
حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے "خصوصی اکاؤنٹ” پر اس ٹیلیفونک رابطے کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے قومی اتفاق رائے معاہدے کا جائزہ لینے کے لئے جلد ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔
مسٹر عزت الرشق نے بتایا کہ دونوں رہ نماؤں نے ٹیلیفونک گفتگو میں اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سنجیدہ قومی مذاکرات کو مزید بڑھاوا دیا جائے تاکہ فلسطینی عوام کو درپیش چیلنجز کے لئے خود کو تیار کیا جا سکے۔
یہاں اس امر کی جانب اشارہ ضروری ہے کہ خالد مشعل اور محمود عباس کے درمیان اسی مہینے ملاقات متوقع ہے جبکہ بعض ذرائع توقع ظاہر کر رہے تھے کہ شاید یہ ملاقات عید کے فورا بعد ہو سکے تاکہ قومی مصالحت سمجھوتے میں طے پانے والے امور پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لیا جا سکے۔