مختلف عرب اور اسلامی ممالک کی جانب سے محصورین غزہ کے لیے روانہ کردہ امدادی قافلہ”میلوں مسافت کی مسکراہٹ 7″ میں کئی گھنٹے تک روکے رکھنے کے بعد بالآخرغزہ کی پٹی میں پہنچ گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کےمطابق امدادی قافلہ جمعہ کے روز علی الصباح مصر کی سرحد سے رفح کراسنگ کے راستے غزہ میں داخل ہوا۔
قافلے میں مختلف عرب اور اسلامی ممالک سے ایک سو امدادی کارکن سیکڑوں ٹن خوراک لے کر آئے ہیں۔ قبل ازیں قافلے کو مصری دارالحکومت قاہرہ میں کئی گھنٹے تک روکے رکھا گیا تھا۔
امدادی قافلے کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹرعصام یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے اس دفعہ کا امدادی قافلہ مصر کی جانب سے ایک ہزار ستائیس فلسطینیوں کی اسرائیلی جیلوں سے رہائی ممکن بنانے کے اعتراف میں قاہرہ کے نام کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ امدادی قافلے میں 30 اقسام کی ادویات، میڈیکل کا سامان، الیکٹرک کرسیاں، متعدد ایمبولینسیں اور کپڑے اور دیگر سامان شامل ہے۔
امدادی قافلے کی غزہ آمد کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے رفح کے مقام پر قافلے کے شرکاء کا استقبال کیا۔
خیال رہے کہ عرب اور اسلامی ممالک کی مختلف رفاہی تنظیموں کی جانب سے گذشتہ دو سال سے غزہ کی پٹی کےلیے”میلوں مسافت کی مسکراہٹ” کے نام سے امدادی قافلے غزہ کے محصور شہریوں کے لیے لائے جا رہے ہیں۔ اب تک اسی نام کے چھ امدادی قافلے غزہ لائے جا چکے ہیں اور آج غزہ پہنچنے والا یہ امدادی قافلہ اس فلاحی سلسلے کی ساتویں کڑی ہے۔