اسرائیلی فوج اور محکمہ داخلہ کے زیراہتمام یہودی شہریوں کو فلسطینیوں کے راکٹ حملوں سے بچانے اور کیمیائی جنگ سے بچنے کے لیے مشقیں کرائی جا رہی ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج اور اسرائیلی میڈیکل اسٹاف کی مشترکہ مشقیں جمعرات کے روز مقبوضہ فلسطینی شہرتل الربیع میں ہوئیں۔ اس میں صہیونی فوج نے طبی عملے کو کسی بھی کیمیائی حملے اور راکٹوں سے بچاؤ کے مختلف طریقوں سے آگاہ کیا۔
فوجی مشقوں کے دوران شہریوں کو ہنگامی حالت میں رکھنے کے لیے خطرے کے الارم بھی بجائے گئے۔ یہ الارم عام طور پر فلسطینی شہرغزہ کی پٹی سے اسرائیلی بستیوں پر داغےگئے راکٹوں کے دوران بجائے جاتے ہیں۔
اسرائیلی ریڈیوکا کہنا ہے کہ فوج کے تعاون سے کی گئی ان فوجی مشقوں کا مقصد شہریوں کوکسی بھی وقت اور کسی بھی مشکل میں خود کو بچانے کے لیے تیار کرنا ہے۔
ریڈیو رپورٹ کےمطابق فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے یہودی بستیوں پر کئی راکٹ حملے کیے گئے ہیں اوران راکٹوں کےداغے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ یہ مشقیں انہی حملوں اور خطرات کے پیش نظرکی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے میڈیکل عملے کے اشتراک سے یہ جنگی مشقیں ایک ایسے وقت میں کی ہیں جب دوسری جانب غزہ کی پٹی پرصہیونی فوج کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔