اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے اعلی اختیاراتی ذرائع کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کے دورہ اردن کے لیے حماس اور اردن حکومت کے درمیان رابطے جاری ہیں اور دونوں کے مابین اس دورے کی ضرورت پر اتفاق ہو چکا ہے۔
حماس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران خالد مشعل اردن کے کنگ عبد اللہ ثانی سمیت حکومت کے اعلی ترین عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
حماس کے اعلی ذرائع نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ خالد مشعل کے دورے کی توثیق ہو چکی ہے بس اب اس دورے کے لیے مناسب وقت کا تعین باقی ہے۔ دورہ عید سے قبل ہو گا یا بعد میں،ذرائع نے اس بابت بھی کچھ کہنا مناسب نہ سمجھا۔
خیال رہے کہ اردن کی نئی حکومت کے وزیر اعظم عون الخصاونہ گزشتہ روز بارہ سال قبل حماس کے قائدین کو اردن سے بے دخل کرنے کے فیصلے کو غلط قرار دیا تھا۔