فلسطینی تنظیم”اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس و ثقافت میں فلسطینی ریاست کو رکنیت کا درجہ حاصل ہونے پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ عالمی برادری نے بین الاقوامی تنظیم میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر کے قابل قدر کارنامہ انجام دیا ہے۔ اب عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فلسطین کے تمام علاقوں بشمول بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کا بھی اعلام کرے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ایک ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ”یونیسکو” میں فلسطینی ریاست کو رکنیت دلوانے کے لیے ہونے والی ووٹنگ نےیہ ثابت کیا ہے کہ عالمی برادری کی اکثریت فلسطینیوں کی حامی ہے اور وہ فلسطینیوں کے حقوق اور ان کے مطالبات کے منصفانہ حل کی حامی ہے۔ ایسے میں ناگزیر ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کے جنگی جرائم کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ امریکی کی اسرائیل نوازی کے مقابلے میں فلسطینیوں کی حمایت کے لیے کھل کر سامنے آئے۔
حماس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی برادری نے فلسطینی ریاست کو یونیسکو میں رکنیت دینے کے بعد یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کوان کے جائزحقوق دلوانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
حماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صہیونی جارحیت رکوانے اور تمام مقدسات کی صہیونی دشمن کے تسلط سےآزادی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔
حماس نے عالمی برادری کی جانب سے فلسطینی ریاست کو یونیسکو میں رکنیت کی حمایت کرنے پرعالمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔