گزشتہ روز غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 09 فلسطینی مزاحمت کاروں کی شہادت کے بعد مصری ثالثی میں ہونے والے سیز فائر معاہدے کو چھ گھنٹے بھی نہ بیت پائے تھے کہ صہیونی فوج نے غزہ پر دوبارہ بمباری کر کے ایک فلسطینی کو شہید اور ایک کو شدید زخمی کر دیا ہے۔ بمباری غزہ کی پٹی کے جنوبی ضلع رفح کے مشرقی علاقے میں کی گئی۔
فلسطینی ایمرجنسی اینڈ میڈیکل سروسز کے میڈیا کوآرڈینیٹر ادھم ابوسلمیہ نے’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کی سہ پہر ہونے والی اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں کم از کم ایک فلسطینی شہید جبکہ اس کا دوسرا ساتھی شدید زخمی ہوا ہے۔ زخمی کو ابو یوسف نجار ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے شہری کا نام احمد جرغون تھا جس کی عمر چھبیس سال تھی، جرغون کا تعلق ڈیموکریٹک فرنٹ کے عسکری ونگ ’’قومی مزاحمت‘‘ سے تھا۔
اس بمباری کے بعد اسرائیل نے گزشتہ روز کی جانے والی بمباری میں نو افراد کو شہید کرنے کے بعد ہونے والے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی بھی کر دی ہے۔ گزشتہ روز رفح پر خوفناک بمباری کے بعد مزاحمت کاروں کے اسرائیل پر جوابی حملے میں ایک یہودی ہلاک جبکہ بیس زخمی ہو گئے تھے۔ جس کے بعد اسرائیل نے مصر کے توسط سے فلسطینی مزاحمت کاروں سے سیز فائر کا معاہدہ کیا تھا تاہم اس سیز فائر ڈیلنگ کو چھ گھنٹے بھی نہ گزرنے پائے تھے کہ اسرائیل نے دوبارہ غزہ پر بمباری کر دی ہے۔