فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں میڈیکل و ایمرجنسی سروسز کے ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ انہوں نے صہیونی جارحیت کے دوران شہریوں کی ہرممکن طبی امداد کے لیے ہنگامی طور پر طبی پلان تشکیل دے دیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں میڈیکل و ایمرجنسی سروسز کےڈائریکٹر ڈاکٹرضیاء الدین ابوحسین نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے غزہ کے تمام علاقوں میں ہنگامی میڈیکل ایڈ کے کیمپ قائم کیے ہیں جو چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر شہریوں کی طبی امداد کے لیے اپنی خدمات پیش کریں گے۔ فلسطینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں ادویہ کا فی الحال کوئی بحران نہیں اور وہ صہیونی جارحیت کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔
فلسطینی ڈاکٹرنے خدشہ ظاہر کیا کہ اسرائیلی جنگی طیارے ان کی ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں، کیونکہ ماضی میں بھی قابض صہیونی فوج ایسا کرتی رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں فلسطینی عہدیدار نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ غزہ کی پٹی پراسرائیلی جارحیت کا سلسلہ بند کیا جائے لیکن صہیونی فوج نے بمباری جاری رکھی تو وہ اس کے باوجود متاثرہ شہریوں اور زخمیوں کی طبی امداد کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔