روس سے امدادی اشیاء اور ادویات کی ایک بھاری کھیپ لے کر ایک قافلہ جمعرات کو مصر کے راستے بخیریت محاصرہ زدہ فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں پہنچ گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق امدادی قافلہ گٓذشتہ منگل کو ماسکو سے روانہ ہوا تھا جو ایران کے راستے مصر داخل ہوا جہاں سے وہ کل جمعرات کی شام رفح بارڈر سے غزہ میں پہنچا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی محصورین کی مدد کے لیے روسی مسلمانوں اور دیگر شہریوں نے اس سال رمضان المبارک میں امدادی سامان، ادویہ اور نقد رقوم جمع کرنے کی مہم شروع کی تھی۔ ماسکو میں جمع کی جانے والی رقوم سے محصورین غزہ کے لیے ادویات خرید کربھی ارسال کی گئی ہیں۔
روسی فلاحی تنظیم کی چیئرپرسن اور معروف امدادی کارکن لیلیٰ یاروفا نے قاہرہ میں مرکز اطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ملک بھر کے مسلمانوں کےسامنے اہالیان غزہ کی امدادی کے لیے مدد کی اپیل کی تھی۔ اس پر شہریوں نے دل کھول کر فلسطینی بھائیوں کی مدد کی ہے۔ امداد جمع کرنے کی مہم کے دوران روسی شہریوں نے انہیں غزہ کے محصورین کے ایک لاکھ 70ہزار ڈالرز کے عطیات دیے ہیں۔
خیال رہے کہ روس کی جانب سے یہ امدادی قافلہ ایک ایسے وقت میں آ رہا ہے جب دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت نے شہر میں ادویہ کی شدید قلت پیدا ہونے پرعالمی برادری سے مدد کی اپیل کی تھی۔ فلسطینی وزیرصحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سےمسلط معاشی ناکہ بندی کے باعث 320 اقسام کی عام ضرورت کی ادویات ختم ہو چکی ہیں۔