فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوب مغربی شہر جنین میں ایک فلسطینی شہری کے جنازے کے جلوس پر اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم چار فلسطینی زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فتحی الخطیب نامی ایک مقامی فلسطینی کے جنازوے کو تدفین کے لیے اسرائیل کی تعمیر کردہ نسلی دیوار کی دوسری جانب ایک قبرستان میں لے جایا جا رہا تھا۔ ظہرالمالح کے مقام پر دیوار کے اندر بنی گذرگاہ عبور کرتے ہوئے اسرائیلی فوج نے جنازے کے جلوس پر فائرنگ کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے فائرنگ کے بعد جنازے کے شرکاء کو دیوار کی دوسری جانب روک دیا اور انہیں ایک ایک کر کے دیوارکی دوسری جانب جانے کی اجازت دی گئی۔
ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے چاروں فلسطینیوں کو مقامی اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے جہاں ان کی حالت تسلی بخش بیان کی جاتی ہے۔