اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے ذرائع نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل قطر کے ولی عہد تمیم بن حمد آل ثانی کے ہمراہ عنقریب اردن کا دورہ کرنے والے ہیں، خبر میں کہا گیا تھا کہ اس دورے کا مقصد حماس اور اردن کی حکومت کے درمیان سالوں سے منقطع تعلقات کو بحال کرنے کی کوشش کرنا ہے۔
اتوار کے روز اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو ایک بیان میں بتایا کہ خالد مشعل کے دورہ اردن کے حوالے سےخبریں بے بنیاد ہیں جن کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں۔
قبل ازیں اردن کے اخبار ’’عرب ٹو ڈے‘‘ نے اپنے ذرائع کےحوالے سے بتایا تھا کہ خالد مشعل آنے والے دس دنوں میں قطر کے ولی عہد کے ہمراہ اردن کا دورہ کرینگے۔ خبر میں اشارہ کیا گیا تھا کہ اس دورے میں خالد مشعل اردن کےمتعدد اعلی حکام سے ملاقاتیں کرینگے، جس کے بعد تحریک حماس اور اردن کے درمیان سالوں سے منقطع تعلقات بھی بحال ہو جائینگے۔