اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے دفترکے ذرائع نے بتایا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پائے اسیران کے تبادلے کے تحت آئندہ منگل کے روز صہیونی حکومت پہلے مرحلے میں 450 فلسطینی اتھارٹی کو رہا کر کےمصرکے حوالے کرے گی۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمت کاروں کی تحویل میں موجود جنگی قیدی گیلاد شالیت کو بھی قاہرہ کے حوالے کیا جائے گا۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی "اے ایف پی” نے بنجمن نیتن یاھو کے دفتر کے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئندہ منگل کو ساڑھے چار سو فلسطینی اسیران کو رہا کیا جائے گا۔ صہیونی وزیراعظم کے دفتر کے ایک اہلکار نےنام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ "حکومت حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے لیے طے پائے معاہدے کے تمام نکات اور ٹائم فریم کے مطابق منگل کو ساڑھے چارسو قیدیوں کی رہائی کے معاہدے کا احترام کیا جائے گا، اسی روز گیلاد شالیت کو بھی مصرکے حوالے کیا جائے گا”۔
ادھر اسرائیلی ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ معاہدے کی تیاری میں وزیراعظم کی جانب سے مقررکردہ مندوب ڈیوڈ میڈن آج ہفتے کی شام قاہرہ روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ مصری حکام کے ساتھ ملاقات کے دوران قیدیوں کے تبادلے کے لیے مزید لائحہ عمل طے کریںگے۔
ریڈیو رپورٹ کے مطابق رہائی پانے والے خوش نصیب فلسطینیوں کی فہرستیں ہفتے کی شام مختلف جیلوں میں لگ جائیں گی۔