فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” کی حکومت کے وزیرخارجہ اور نائب وزیراعظم ڈاکٹر محمد عوض نے ترکی کے دورے کے دوران وزیراعظم رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی ہے اور ان سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ طیب ایردوان کی والدہ تنزیلہ ایردوان جمعہ کے روز استنبول کے ایک اسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی رہ نما نے طیب ایردوان کو فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔
طیب ایردوان سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد عوض نے کہا کہ ان کی والدہ کی وفات پرپوری فلسطینی قوم سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نےکہا کہ فلسطینی عوام ترک قوم کی جانب سے ہر ممکن حمایت پرنہ صرف عوام کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے بلکہ فلسطینیوں کی نظر میں ترک حکومت کا صہیونی حکومت کےخلاف جراتمندانہ موقف قابل تحسین ہے۔