مقبوضہ مغربی کنارہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے حملے اب محض فلسطینیوں کو خوفزدہ کرنے، ان کا پیچھا کرنے اور ان کی زمینوں پر قبضہ جمانے تک محدود نہیں رہے بلکہ یہ اس سے آگے بڑھ کر گھروں اور آبادیوں کے طویل المدتی محاصرے تک جا پہنچے ہیں، جس کے تحت سڑکیں بند کر کے، بنیادی خدمات منقطع کر کے اور پانی، بجلی اور چراگاہوں کے ذرائع پر قبضہ کر کے زندگی کے بنیادی لوازمات کو تباہ کیا جا رہا ہے تاکہ مکینوں کو ہجرت پر مجبور کیا جا سکے اور انہیں واپسی سے روکا جا سکے۔
دیوار اور آباد کاری کے خلاف مزاحمتی کمیشن کی جانب سے طویل المدتی تنہائی اور جبری بے دخلی کے دباؤ کے عنوان سے جاری کردہ پالیسی پیپر میں جو 23 نومبر سنہ 2026ء تک کے دستاویزی حقائق پر مبنی ہے، ان کارروائیوں کے دائرہ کار میں وسعت اور فلسطینی وجود پر منظم دباؤ کے ایک ایسے انداز میں تبدیل ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے جو انفرادی حملوں سے بڑھ کر گھروں اور بستیوں کو الگ تھلگ کرنے اور ان کے مکینوں پر انتہائی سخت معاشی حالات مسلط کرنے تک پھیل چکا ہے۔
گھروں کا محاصرہ، تنہائی اور حملوں کے طویل دن
پالیسی پیپر میں واضح کیا گیا ہے کہ تنہائی کی یہ پالیسی فلسطینی گھروں اور بستیوں کا گھیراؤ کرنے، ان تک جانے والے راستوں پر قبضہ جمانے، بنیادی خدمات منقطع یا معطل کرنے اور پانی، بجلی اور چراگاہوں پر قبضہ کرنے پر مبنی ہے، جس کے ذریعے مکینوں کو ان کی روزمرہ ضروریات سے محروم کر دیا جاتا ہے، ان کا سماجی ماحول سے رابطہ منقطع ہو جاتا ہے اور ان کے لیے اپنی رہائش گاہوں میں ٹکے رہنا انتہائی دشوار بنا دیا جاتا ہے۔
کمیشن کی جانب سے دستاویزی شکل دیے گئے نمایاں ترین واقعات میں جنوبی نابلس کے قصبے جالود کا الطوباسی خاندان شامل ہے، جسے اپنے بیان کے مطابق 95 روز تک جاری رہنے والے محاصرے کے بعد اپنے دونوں گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا، اور بعد ازاں فوجی پہرے کی موجودگی کے باوجود حملے اور آتشزدگی کے نتیجے میں ان کی واپسی کی کوشش کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔
اسی طرح جنوبی نابلس کے قصبے قصرہ میں تقریباً 13 افراد پر مشتمل تین گھروں کو 35 روز سے زائد عرصے تک محاصرے میں رکھنے کا مشاہدہ کیا گیا، جبکہ وادی الرخیم کے علاقے میں شہری یوسف شناران کے گھر کا محاصرہ 50 روز تک پہنچ گیا اور اس دوران مکینوں اور ان کی املاک پر پابندیوں اور حملوں کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔
چرواہا بستیاں، پانی اور چراگاہیں بے دخلی کا ہتھیار
تنہائی کی یہ پالیسی محض گھروں کی حدود تک نہیں رکتی بلکہ بدوی اور چرواہا بستیوں تک پھیلی ہوئی ہے جن کا دارومدار بنیادی طور پر مویشی پالنے اور پانی کے ذرائع و کھلی زمینوں تک رسائی پر ہے۔
اس تناظر میں پالیسی پیپر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ الراس الاحمر بستی سے تقریباً 94 افراد پر مشتمل 24 خاندانوں کو بے دخل کیا گیا، جبکہ راس عین العوجا کی پوری بستی کو، جہاں تقریباً 600 افراد مقیم تھے، پانی کے ذرائع، چراگاہوں اور زندگی کے بنیادی لوازمات کو نشانہ بنانے والے مسلسل حملوں اور دباؤ کے بعد مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا۔
علاوہ ازیں مشرقی بیت المقدس میں المہتوش اور التبنہ نامی بستیوں کے گرد باڑ لگانے، مکینوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کرنے اور انہیں چراگاہوں تک پہنچنے اور دونوں بستیوں کے درمیان آمد و رفت سے روکنے کے واقعات بھی دستاویزی شکل دیے گئے ہیں، جس سے ان کے ذرائع معاش کو شدید خطرات لاحق ہیں اور ان کی معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے کی صلاحیت متاثر ہو رہی ہے۔
یہ حقائق فلسطینی بستیوں کو نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار کی عکاسی کرتے ہیں، جس میں ان کے معاشی اور سماجی ڈھانچے کو توڑ کر، مکینوں کو بنیادی وسائل و خدمات سے محروم کر کے اور ان کے گھروں و زمینوں کو الگ تھلگ کر کے بالآخر انہیں جبری نقل مکانی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
یہودی آباد کاروں کو سرکاری سرپرستی اور تحفظ
دیوار اور آباد کاری کے خلاف مزاحمتی کمیشن نے ان کارروائیوں کے تسلسل کو قابض اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں سے جوڑتے ہوئے کہا کہ حکومت احتساب کے فقدان کے سائے میں آباد کاروں کو فنڈنگ، ساز و سامان، اسلحہ، سیاسی پشت پناہی اور فوجی تحفظ فراہم کر رہی ہے، جس سے حملوں کے تسلسل اور ان کے دائرہ کار میں وسعت کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔
اس صورتحال کے مقابلے کے لیے پالیسی پیپر میں فلسطینی بستیوں کے تحفظ کے لیے 72 گھنٹوں کے اندر ہنگامی اقدام کی اپیل کی گئی ہے، جس میں سڑکیں کھولنا، آزادانہ رسائی اور بنیادی خدمات کا تسلسل یقینی بنانا شامل ہے، نیز مکینوں کی ثابت قدمی کی حمایت اور ان کے حق واپسی کی ضمانت کو حملہ آوروں اور ان کی مالی معاونت و تحفظ فراہم کرنے والے اور حفاظتی اقدامات میں رکاوٹ ڈالنے والے سرکاری اداروں کے احتساب سے مشروط کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
چھ ماہ کے دوران آباد کاروں کے 3,488 حملے
یہ اعداد و شمار مغربی کنارے میں آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے حملوں اور زمینوں، پانی کے ذرائع اور چراگاہوں پر قبضہ جمانے میں چرواہا غیر قانونی چوکیوں کے بڑھتے ہوئے کردار کے تناظر میں سامنے آئے ہیں، جس کے ذریعے فلسطینی بستیوں کے اردگرد کے علاقوں کو ایسے حصار میں تبدیل کیا جا رہا ہے جہاں تک مکینوں کی رسائی یا وہاں معاشی سرگرمیاں جاری رکھنا ناممکن ہو گیا ہے۔
دیوار اور آباد کاری کے خلاف مزاحمتی کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق سنہ 2026ء کی پہلی ششماہی کے دوران آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں کے خلاف 3,488 حملے کیے جن کے نتیجے میں 17 شہری شہید ہوئے۔
مزید برآں ان حملوں کے باعث 26 بدوی اور چرواہا بستیاں مکمل یا جزوی طور پر بے دخل ہوئیں، جبکہ 42 نئی غیر قانونی آباد کاری چوکیاں قائم کی گئیں جن میں اکثریت چرواہا چوکیوں کی ہے، جو فلسطینی سرزمین، آبادیوں اور ان کی بقا کے بنیادی عوامل کو نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کا واضح اشاریہ ہے۔