مقبوضہ مغربی کنارہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی آباد کاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے کی گورنریوں نابلس، رام اللہ، الخلیل، سلفیت اور طوباس میں فلسطینی شہریوں، ان کی املاک اور زرعی اراضی پر حملوں کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
نابلس گورنری میں آباد کاروں نے شہر کے جنوب میں واقع گاؤں عورتا پر دھاوا بولا، جبکہ اسی دوران دیگر آباد کاروں نے گورنری کے مشرق میں سہل بیت فوریک کے علاقے میں قائم غیر قانونی آباد کاری چوکی کے قریب اجتماع کیا۔
رام اللہ میں آباد کاروں نے شہر کے شمال مشرق میں المغیر اور ابو فلاح دیہات کو ملانے والی مرج سیع سڑک سے گزرنے والی شہریوں کی گاڑیوں پر حملے کیے، جبکہ گورنری کے شمال مغرب میں المسعودیہ کے علاقے میں ایک آباد کار نے فلسطینی خاندان کو لے جانے والی گاڑی کا راستہ روکا۔ علاوہ ازیں آباد کاروں کے جتھوں نے ام صفا گاؤں میں ایک گھر کے اطراف اور مشرقی رام اللہ کے گاؤں یبرود پر بھی دھاوا بولا۔
الخلیل گورنری میں مسلح آباد کاروں نے قصبے یطا کے جنوب میں الفرش کے علاقے میں زمینوں میں ہل چلانے والے کسانوں پر حملہ کیا، جبکہ دورا کے مغرب میں واقع قصبے بیت عوا میں ایک آباد کار نے شہریوں کے گھروں کے قریب اپنے مویشی چھوڑ دیے۔
سلفیت میں آباد کاروں نے واد الشاعر کے علاقے میں شہریوں کی گاڑیوں پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں کم از کم دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا، نیز انہوں نے جامعہ الزیتونہ کے قریب سڑک بند کر دی اور سڑک پر پتھر رکھ کر ٹریفک کی آمد و رفت معطل کر دی۔
شمالی وادی اردن میں آباد کاروں نے مشرقی طوباس کے علاقے خربہ یرزا میں فلسطینی شہریوں کی ملکیتی زمینوں پر ہل چلانا شروع کر دیا، جو فلسطینی اراضی اور املاک پر ان کے مسلسل حملوں اور ان پر قبضہ جمانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ حملے یہودی آباد کاروں کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے تناظر میں سامنے آئے ہیں، جس کے نتیجے میں تقریباً چھ ماہ قبل خربہ یرزا سے تقریباً 14 فلسطینی خاندان جبری نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے اور یہ پوری بستی اپنے مکینوں سے خالی ہو گئی تھی۔