رام اللہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطین سینٹر فار پریزنرز اسٹڈیز نے کہا ہے کہ اکتوبر سنہ 2023ء میں غزہ پر مسلط کی گئی جنگ کے آغاز کے بعد سے قابض اسرائیل کی جیلوں میں قید 9,400 سے زائد فلسطینی اسیران گرم کپڑوں، مناسب کمبلوں اور حرارت پہنچانے والے وسائل سے مسلسل محرومی کے سائے میں چوتھے موسم سرما کا استقبال کر رہے ہیں۔
مرکز نے واضح کیا کہ اہل خانہ کی ملاقاتوں پر پابندی کے باعث اسیران ان گرم کپڑوں اور بستروں سے محروم ہو گئے ہیں جو ان کے خاندان ان کے لیے لایا کرتے تھے، جبکہ قابض حکام نے جیلوں کے اندر کینٹین کے نام سے معروف دکانیں بھی بند کر دی ہیں جہاں سے قیدی اپنی بعض ضروریات خرید سکتے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کو اسیران سے ملاقات کرنے اور ان تک کپڑے پہنچانے سے مسلسل روکے جانے کے باعث درجہ حرارت گرنے کے باوجود خاندان اپنے پیاروں تک موسم سرما کی ضروری اشیاء پہنچانے سے قاصر ہیں۔
مرکز نے شدید سردی، گرم ملبوسات کی قلت اور دانستہ طبی غفلت کے باعث اسیران میں سانس اور جلد کی بیماریوں میں شدید اضافے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
بيان میں کہا گیا کہ بچے، خواتین، معمر افراد اور مریض اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ حراستی اور تفتیشی مراکز میں رکھے گئے قیدیوں کی حالت مزید ابتر ہے جہاں انہیں گرم کپڑوں اور بستروں کے ساتھ ساتھ گرم پانی اور ہیٹنگ کی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔
نقب جیل میں انسانی حقوق کی تنظیم الضمیر نے ان قیدیوں کے حوالے سے بتایا جن سے تنظیم کے وکیل نے رواں آٹھ نومبر کو ملاقات کی تھی کہ اسیران کو خارش کی بیماری پھیلنے اور علاج کی عدم دستیابی کے ساتھ ساتھ گرم کپڑوں سے محرومی کی شدید شکایات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب عوفر جیل میں اسیران و آزاد کردہ قیدیوں کے امور کی کمیٹی نے اپنی خاتون وکیل کے دورے کے بعد 23 نومبر کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں الخلیل کے شمال میں واقع قصبے الشیوخ سے تعلق رکھنے والے 63 سالہ انتظامی قیدی محمد حلایقہ کی حالت زار کو دستاویزی شکل دی جو پھیپھڑوں کے سکڑنے کے مرض میں مبتلا ہیں جس کے باعث انہیں سانس لینے میں شدید دشواری پیش آتی ہے۔
ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں کی بحالی کے بار بار مطالبات کے باوجود وہ سات اکتوبر سنہ 2023ء سے اب تک قابض اسرائیل کی جیلوں میں قید کسی بھی فلسطینی اسیر سے ملاقات نہیں کر سکی ہے۔
فلسطین سینٹر فار پریزنرز اسٹڈیز نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کریں اور قابض حکام پر دباؤ ڈالیں تاکہ جیلوں، حراستی اور تفتیشی مراکز میں قید اسیران کو وافر مقدار میں گرم کپڑے اور بستر فراہم کیے جائیں اور حرارت پہنچانے کے مناسب انتظامات کیے جائیں۔