تل ابیب – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی اعداد و شمار سے انکشاف ہوا ہے کہ عسکری ادارے میں زیر علاج اور بحالی کے مراحل سے گزرنے والے زخمیوں کی تعداد 92 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سے 31 ہزار 500 اہلکار گذشتہ تین برسوں کے دوران زخمی ہوئے، جو قابض فوج کو درپیش انسانی نقصانات نیز طبی اور نفسیاتی بوجھ میں اضافے کا واضح اشاریہ ہے۔
اسرائیلی وزارت جنگ کے شعبہ بحالی کی جانب سےجاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ مجموعی زخمیوں کا تقریباً 47 فیصد حصہ یعنی 43 ہزار 800 اہلکار نفسیاتی چوٹوں اور صدمے کے بعد کے ذہنی دباؤ (پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر) کا شکار ہیں، جن میں سے 19 ہزار 600 اہلکار جنگوں اور فوجی کارروائیوں کے دوران اس کیفیت سے دوچار ہوئے۔
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ 602 زخمی شدید معذوری کا شکار ہیں جنہیں 100 فیصد یا اس سے زائد کی خصوصی معذوری کے زمرے میں رکھا گیا ہے، جبکہ تقریباً 1100 اہلکار اپنے اعضاء سے محروم ہو چکے ہیں اور 123 دیگر اپنی بینائی کھو بیٹھے ہیں۔
اخراجات کے حوالے سے زخمیوں کے علاج اور بحالی کے بجٹ میں 88 فیصد اضافہ ہوا ہے جو بڑھ کر تقریباً دس ارب شیکل تک پہنچ گیا ہے، جس میں سے 6.25 ارب شیکل یعنی مجموعی بجٹ کا 62 فیصد حصہ نفسیاتی چوٹوں، صدمے کے بعد کے ذہنی عوارض اور سر کی چوٹوں کے علاج کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
یہ اعداد و شمار سات اکتوبر سنہ 2023ء کے بعد سے اسرائیلی عسکری ادارے کو پہنچنے والے نقصانات کے حجم کی عکاسی کرتے ہیں، جو متعدد محاذوں پر جاری فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں سامنے آئے ہیں اور جنہوں نے ایسے جسمانی و نفسیاتی زخم چھوڑے ہیں جو طویل المدتی نگہداشت اور بحالی کے متقاضی ہیں۔
اسرائیلی فوج کے اعداد و شمار کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک اس کے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 973 تک پہنچ گئی ہے جن میں 472 فوجی غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائیوں کے دوران مارے گئے، جبکہ ریکارڈ شدہ زخمی فوجیوں کی تعداد 6424 ہو گئی ہے جن میں 958 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
شعبہ بحالی کے پاس رجسٹرڈ زخمیوں کی تعداد اس مجموعی فہرست سے اس لیے زیادہ ہے کیونکہ اس میں فوج کے علاوہ پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے زخمی اہلکاروں سمیت گذشتہ جنگوں اور فوجی کارروائیوں میں زخمی ہونے والے افراد بھی شامل ہیں، جو اسرائیلی سکیورٹی ادارے کو درپیش طبی اور نفسیاتی دباؤ کے پھیلتے ہوئے دائرے کو بے نقاب کرتا ہے۔