رام اللہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) شمالی رام اللہ میں قابض اسرائیل کی ایک غیر قانونی یہودی بستی کے محافظ کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہری جام شہادت نوش کر گیا جبکہ اسی علاقے میں فائرنگ سے دو دیگر شہری زخمی ہو گئے اور قابض افواج نے زخمیوں اور شہید کے جسد خاکی کو اپنے قبضے میں لے لیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ جنرل اتھارٹی برائے شہری امور نے اسے شمالی رام اللہ کے گاؤں دورا القرع کے قریب قابض اسرائیل کی فائرنگ سے 42 سالہ حمزہ مسعود سلیم عبدو کی شہادت کی اطلاع دی ہے، اور نشاندہی کی کہ قابض افواج نے ان کا جسد خاکی تحویل میں لے لیا ہے۔
واقعے کی تفصیلات کے مطابق مقامی ذرائع نے گاؤں کے گرد و نواح میں فائرنگ سے دو شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی جبکہ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بیت ایل نامی غیر قانونی بستی کے ایک محافظ نے ان کی جانب فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہو گئے۔
قابض فوج نے دونوں زخمیوں کو حراست میں لے لیا جن کی طبی حالت کی نوعیت واضح نہیں ہو سکی جبکہ شہید کا جسد خاکی بھی بدستور ان کے قبضے میں ہے اور ضروری طبی امداد کی فراہمی روکے جانے کے باعث زخمیوں کی زندگیوں کے حوالے سے شدید خدشات پائے جاتے ہیں۔