نیو یارک – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق اور انسانی امور سے متعلق خصوصی کمیٹی نے قابض اسرائیل کے تسلط سے آزاد ہو کر اپنے وطن میں آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے، آزادی اور خودارادیت کے فلسطینی عوام کے حق کی توثیق کرنے والی اپنی سالانہ قرارداد منظور کر لی ہے جس میں اسے ایک ایسا پیدائشی اور ناقابل تنسیخ حق قرار دیا گیا ہے جس پر کوئی سودے بازی یا مذاکرات نہیں ہو سکتے اور نہ ہی یہ کسی شرط یا تحفظ کا تابع ہے۔
قرارداد کے مسودے کو 162 ممالک کی حمایت حاصل ہوئی جن میں کینیڈا، آسٹریلیا اور یورپی یونین کے تمام ممالک کے علاوہ جنوبی امریکہ، ایشیا اور افریقہ کے بیشتر ممالک شامل ہیں جبکہ آٹھ ممالک یعنی قابض اسرائیل، امریکہ، ارجنٹائن، پیراگوئے، مائیکرونیشیا، ناؤرو، پاپوا نیو گنی اور پلاؤ نے اس کی مخالفت کی اور آٹھ ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد میں بین الاقوامی عدالت انصاف کی اس مشاورتی رائے میں اخذ کردہ نتائج پر زور دیا گیا ہے جو فلسطینی سرزمین پر قابض اسرائیل کے قبضے کے غیر قانونی ہونے اور اسے بلا تاخیر ختم کرنے کی ضرورت سے متعلق ہے کیونکہ یہ قبضہ فلسطینی عوام کو اپنے حق خودارادیت کے استعمال اور اپنی آزاد ریاست کے قیام کے قابل بنانے کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔
اقوام متحدہ کا یہ اقدام قابض اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کو جبری طور پر بے دخل کرنے، ان کی زمینوں کو ضم کرنے اور محصور غزہ کی پٹی بالخصوص بیت المقدس سمیت مقبوضہ علاقوں میں اپنے غیر قانونی وجود کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے سائے میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ رائے شماری کا نتیجہ ان پالیسیوں کے خلاف وسیع بین الاقوامی مستردگی کی عکاسی کرتا ہے اور دوہرے معیار یا بین الاقوامی انصاف کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے سے ہٹ کر بین الاقوامی قانون کو بالادست رکھنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
اس تناظر میں اقوام متحدہ میں ریاست فلسطین کے مستقل مبصر ریاض منصور نے قابض اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی عوام کو درپیش ظلم و ستم کے سائے میں ان کے حقوق کے لیے بین الاقوامی حمایت اکٹھی کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے اور عالمی فورمز پر اس قانونی حمایت کو کمزور کرنے کی کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ریاست فلسطین کے عزم کا اعادہ کیا۔
ریاض منصور نے واضح کیا کہ فلسطینی کوششیں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک قبضے کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، انصاف فراہم نہیں کیا جاتا اور فلسطینی عوام و سرزمین کو قابض اسرائیل کی خلاف ورزیوں بشمول جبری بے دخلی، زمینوں پر قبضے، غیر قانونی بستیوں کے قیام اور غیر قانونی آباد کاروں کی دہشت گردی سے تحفظ نہیں مل جاتا۔
انہوں نے غزہ کی پٹی میں نسل کشی کی جنگ کے خاتمے کو مستحکم بنانے، شہریوں کی جانیں بچانے کے لیے انسانی امداد کے مسلسل داخلے اور مؤثر و کافی مقدار میں اس کی تقسیم کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی میں تعمیر نو اور زندگی کی بحالی کی جانب پیش قدمی کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر بھی دوبارہ زور دیا۔
ریاض منصور نے قرارداد کی حمایت کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی عدالت انصاف کے اس فتویٰ کی بنیاد پر فلسطینی عوام کو اپنے حق خودارادیت کے استعمال اور قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے قابل بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں جس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قابض اسرائیل کے وجود کے غیر قانونی ہونے اور مشرق وسطیٰ میں امن و سلامتی اور استحکام کے قیام کے واحد راستے کے طور پر اسے جلد از جلد ختم کرنے کی ضرورت کی توثیق کی گئی ہے۔
یہ قرارداد ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فلسطینی عوام کے خلاف قابض اسرائیل کی جارحیت جاری ہے اور اس کے ساتھ ہی بیت المقدس سمیت زمینوں کے انضمام، غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور جبری بے دخلی کے منصوبوں میں تیزی آ رہی ہے جبکہ غزہ کی پٹی میں نسل کشی کی جنگ کے تباہ کن انسانی اثرات بھی برقرار ہیں۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف نے 19 جولائی سنہ 2024ء کو جاری کردہ اپنی مشاورتی رائے میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قابض اسرائیل کے وجود کے تسلسل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے جلد از جلد ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا اور نشاندہی کی تھی کہ قابض اسرائیل کی پالیسیاں اور اقدامات فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ حق خودارادیت اقوام کے بنیادی حقوق میں سے ایک ہے جو انہیں کسی بیرونی مداخلت یا جبر کے بغیر اپنی سیاسی حیثیت کا انتخاب کرنے اور اپنی سرزمین پر اپنی خودمختاری کا حق استعمال کرنے کا اختیار دیتا ہے۔