سان ہوزے – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں فلسطین کے حامی کارکنوں کی جانب سے امریکی مزاحیہ اداکار جیری سائن فیلڈ کے قابض اسرائیل کی حمایت پر مبنی موقف کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ احتجاج عین اس وقت منظم کیا گیا جب وہ شہر میں اپنا ایک مزاحیہ شو پیش کر رہے تھے۔
مظاہرین شہر کے وسط میں جمع ہوئے اور سائن فیلڈ کے مؤقف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے فلک شگاف نعرے لگائے۔ احتجاجی شرکا نے ان پر الزام عائد کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیل کی مسلسل مسلط کردہ جنگ، بڑے پیمانے پر ہونے والے قتل عام اور تباہ کاریوں کے نتیجے میں فلسطینیوں کو درپیش شدید مصائب اور المیے کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں۔
مظاہرین کی جانب سے بلند کیے گئے نعروں میں ’بچوں کا قتل کوئی مذاق نہیں ہے‘ اور ’نسل کشی میں کوئی بھی بات مضحکہ خیز نہیں ہوتی‘ جیسے جملے شامل تھے۔ اس احتجاجی پیغام کے ذریعے اداکار کی فنی سرگرمیوں کو قابض ریاست کی حمایت پر مبنی ان کے سیاسی مؤقف سے جوڑا گیا۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی صفا کے مطابق مظاہرین بعد ازاں پرفارمنگ آرٹس سینٹر کی جانب روانہ ہوئے جہاں سائن فیلڈ کا شو منعقد ہونا تھا۔ مظاہرین نے ایسے بینرز اٹھا رکھے تھے جن میں سان ہوزے کی بلدیہ سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف صہیونی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کی ملزم کمپنیوں کے ساتھ ساتھ امریکی امیگریشن اور کسٹمز ایجنسی کی پالیسیوں سے منسلک اداروں سے اپنی سرمایہ کاری فوری طور پر واپس لے۔
سائن فیلڈ پر ہونے والی یہ تنقید صرف اس حالیہ احتجاج تک محدود نہیں ہے بلکہ قابض اسرائیل کی کھلی حمایت کا اعلان کرنے پر انہیں گزشتہ ایک عرصے سے فلسطین کے حامی کارکنوں کی جانب سے مسلسل مخالفت کا سامنا ہے۔ اس کا اظہار امریکہ کے مختلف شہروں میں ان کے سابقہ شوز کے دوران ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور بائیکاٹ کی صورت میں بھی سامنے آ چکا ہے۔
یہ احتجاجی سرگرمیاں امریکہ بھر میں فلسطین کے ساتھ یکجہتی کی وسیع ہوتی ہوئی سرگرمیوں کا حصہ ہیں۔ اب یہ مظاہرے محض غزہ پر مسلط جنگ کی مذمت تک محدود نہیں رہے بلکہ ان میں صہیونی خلاف ورزیوں سے جڑی کمپنیوں کے ساتھ معاشی تعلقات اور سرمایہ کاری پر نظر ثانی کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔
علاوہ ازیں یہ احتجاج اس بات کا بھی عکاس ہے کہ عوامی دباؤ اب ثقافتی اور فنی تقریبات تک منتقل ہو چکا ہے۔ اس اقدام کا مقصد معروف شخصیات کو ان کے سیاسی مؤقف پر جوابدہ ٹھہرانا اور اس حقیقت پر زور دینا ہے کہ غاصب و قابض ریاست کی کھلی حمایت کو نہتے فلسطینی شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی اخلاقی ذمہ داری سے الگ کر کے نہیں دیکھا جا سکتا۔