تل ابیب – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) نامزد قابض اسرائیلی وزیر اعظم گاڈی آئزن کوٹ نے ہفتے کے روز نگران وزیر اعظم بنیامن نتن یاھو پر اپنی تنقید میں شدت لاتے ہوئے ان پر نئی حکومت کی تشکیل میں رکاوٹ ڈالنے اور اپنی شکست کے اثرات سے بچنے کے لیے ایک سیاسی چال کے طور پر اتحاد اور مذاکرات کی اپیلوں کا سہارا لینے کا الزام عائد کیا ہے۔
آئزن کوٹ نے نتن یاھو کی مذاکرات کی دعوت کے جواب میں دیے گئے بیانات میں اس بات کی تصدیق کی کہ نتن یاھو اپنی شکست کا ادراک رکھتے ہیں لیکن وہ نئی حکومت کی تشکیل کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے جلد از جلد قومی ہنگامی حکومت کے قیام کی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔
انہوں نے قرار دیا کہ قومی اتحاد کی باتیں نتن یاھو کے عملی طرز عمل سے متصادم ہیں جن پر انہوں نے اشتعال انگیزی جاری رکھنے اور تقسیم کو مزید گہرا کرنے کا الزام عائد کیا۔ آئزن کوٹ نے اس بات پر زور دیا کہ ہنگامی حکومت میں ان کی شرکت ان اصولوں کو تسلیم کرنے سے مشروط رہے گی جو وہ پیش کر رہے ہیں۔
آئندہ حکومت کی شکل کے حوالے سے جاری اختلافات کے تناظر میں قابض اسرائیل کے چینل 13 نے بتایا ہے کہ قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل پر اتفاق ہونے کی صورت میں آئزن کوٹ وزیر اعظم کا منصب خود سنبھالنے کی شرط رکھیں گے جبکہ حکومت کی ساخت اور اس کی قیادت سنبھالنے والے فریق کے حوالے سے اختلافات بدستور برقرار ہیں۔
واضح رہے کہ نتن یاھو نے آئزن کوٹ کے ساتھ مل کر قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی اپنی دعوت کی تجدید کرتے ہوئے اسے ایران کے مقابلے میں قابض اسرائیل کی سلامتی یقینی بنانے کا واحد راستہ قرار دیا تھا اور اس کے بقول ایرانی خطرے کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
نتن یاھو نے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ گذشتہ جمعرات کو آئزن کوٹ کے ساتھ ان کی ملاقات نے اس یقین کو مزید پختہ کر دیا ہے کہ موجودہ مرحلے میں قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل ناگزیر ہے تاکہ آئندہ برسوں کے دوران قابض اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نتن یاھو نے گذشتہ 27 اکتوبر کے انتخابات میں اپنے کیمپ کی پارلیمانی اکثریت کھو دینے کے بعد اپنی سربراہی میں قومی اتحاد کی حکومت بنانے کے لیے ایک سیاسی مہم شروع کی تھی جس میں اپوزیشن جماعتوں سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ سبکدوش ہونے والی حکومت میں شامل ان کے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایک مخلوط حکومت میں شامل ہو جائیں۔
اس کے برعکس انہوں نے اپنے مخالفین پر شدید حملہ کرتے ہوئے ان پر ایک ایسی حکومت بنانے کی کوشش کا الزام لگایا جسے انہوں نے خطرناک قرار دیا کیونکہ اس کا انحصار عرب جماعتوں کی حمایت پر ہے۔ نتن یاھو نے دعویٰ کیا کہ یہ جماعتیں دہشت گردی کی حمایت کرتی ہیں اور قابض اسرائیل کو کمزور کرنے کے درپے ہیں نیز انہوں نے خبردار کیا کہ ان جماعتوں کے ووٹوں پر قائم ہونے والی حکومت اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور ایران کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھے گی۔
نتن یاھو نے آئزن کوٹ کو حکومت سازی کی دعوت دیے جانے کے ساتھ ہی کنیست سے اپنے خطاب میں بھی ان الزامات کا سلسلہ جاری رکھا جسے ان کے مخالفین نے اپوزیشن کے نئے اتحاد کی تشکیل کے مواقع کو سبوتاژ کرنے اور خود کو اقتدار سے بے دخل ہونے سے بچانے کی ایک کوشش قرار دیا ہے۔