برسلز – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) یورپی کمیشن، یورپی یونین اور قابض اسرائیل کے درمیان طے پانے والے شراکت داری کے معاہدے کو مکمل طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کرنے والے ایک عوامی اقدام پر غور کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہ پیش رفت قابض فوج کی جانب سے بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں بالخصوص غزہ کی پٹی میں جاری جرائم کے پس منظر میں تعلقات پر نظرثانی کے لیے بڑھتے ہوئے عوامی اور سیاسی یورپی دباؤ کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے اطلاع دی ہے کہ بدھ کو کیے گئے اعلان کے مطابق یورپی کمیشن اس اقدام کا جائزہ لے گا جس پر 1.3 ملین سے زائد دستخط ثبت ہو چکے ہیں اور اس نے یورپی یونین کے 13 رکن ممالک میں دستخط جمع کرنے کی کم از کم مطلوبہ حد بھی عبور کر لی ہے جو کہ کم از کم سات ممالک میں قومی حد تک پہنچنے کی مقررہ قانونی شرط سے کہیں زیادہ ہے۔
اس مہم کو فلسطین کے لیے انصاف کا نام دیا گیا ہے جس کی قیادت یورپی بائیں بازو کے اتحاد کی قوتیں اور شخصیات کر رہی ہیں جبکہ اسے سول سوسائٹی کی تنظیموں اور فلسطین کی حامی تحریکوں کی حمایت حاصل ہے۔ اس اقدام میں بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی قابض اسرائیلی خلاف ورزیوں بالخصوص غزہ کی پٹی کی صورتحال پر احتجاج کرتے ہوئے شراکت داری کے معاہدے کو مکمل طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یورپی عوامی اقدامات کے طریقہ کار کے تحت کمیشن پر لازم ہے کہ وہ دستخطوں کی تعداد اور ان کی جغرافیائی تقسیم سے متعلق قانونی شرائط پوری کرنے والے اقدامات کا جائزہ لے اور ان مطالبات و مجوزہ اقدامات کے حوالے سے باضابطہ جواب پیش کرے تاہم غور کے لیے اس اقدام کی منظوری کا مطلب معاہدے کی خودکار معطلی یا اس کے مطالبات پر عمل درآمد کا لازمی فیصلہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین اور قابض اسرائیل کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ سنہ 2000ء میں نافذ العمل ہوا تھا اور یہ دونوں فریقین کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو منظم کرنے کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرتا ہے۔
معاہدے کی شق دوئم میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق اور جمہوری اصولوں کا احترام دونوں فریقین کے درمیان تعلقات میں ایک بنیادی عنصر کی حیثیت رکھتا ہے۔ معاہدے کی معطلی کا مطالبہ کرنے والے حلقے اسی شق کو بنیاد بناتے ہوئے اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ قابض اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیاں اس شق میں درج ذمہ داریوں کو فعال کرنے اور شراکت داری کے تسلسل پر نظرثانی کرنے کا تقاضا کرتی ہیں۔