مقبوضہ بیت المقدس – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) جمعہ کے روز دسیوں ہزار فلسطینیوں نے قابض صہیونی فوج کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے باوجود مسجد اقصیٰ مبارک اور اس کے احاطے میں نماز جمعہ ادا کی۔
قابض فوج نے مسجد اقصیٰ کے گردونواح میں اپنی نفری میں اضافہ کر دیا، اس کے دروازوں اور پرانے شہر کے راستوں پر فوجی ناکے نصب کر دیے اور نمازیوں کی تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ ان کے شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال کی۔
قابض فوج نے عبادت کی آزادی اور فلسطینیوں کی مسجد اقصیٰ تک رسائی پر عائد کی جانے والی مسلسل پابندیوں کے فریم ورک کے تحت متعدد شہریوں کو مسجد تک پہنچنے سے روک دیا۔
ان تمام پابندیوں کے باوجود ہزاروں نمازی مسجد تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے اور انہوں نے وہاں نماز جمعہ ادا کی، جس کے ذریعے انہوں نے قابض اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کی رسائی کو محدود کرنے کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرتے ہوئے اس کے اندر نماز پڑھنے اور رباط کرنے کے اپنے حق کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کا تجدید عزم کیا۔
یہ تمام اقدامات ایک ایسے ماحول میں کیے جا رہے ہیں جب قابض پولیس کی سرپرستی میں یہودی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر دھاووں کا سلسلہ جاری ہے اور ان سکیورٹی تدابیر میں شدت لائی جا رہی ہے جن کا مقصد اس کے احاطے میں نمازیوں کی موجودگی کو محدود کرنا ہے۔