بیروت – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیل کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجے میں لبنان پر ہونے والی فضائی غارت گری میں کم از کم تین شہری شہید ہو گئے ہیں، جس کے جواب میں حزب اللہ نے بھی متعدد کارروائیاں کی ہیں۔
لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ قابض اسرائیل کے ایک ڈرون طیارے نے میفدون روڈ پر صفا اسٹیشن کے قریب گاڑیاں لے جانے والے ایک ٹرک کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شخص جام شہادت نوش کر گیا۔
علاوہ ازیں قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں نے علی الصبح حبوش روڈ پر نافعہ بلڈنگ کے قریب ایک پک اپ گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مزید دو افراد شہید ہو گئے۔
جنوبی لبنان میں قصبہ الغندوریہ اور وادی الحجیر پر قابض اسرائیل کی جانب سے دوبارہ گولہ باری کی گئی، جبکہ عیتا الشعب اور رامیہ کے محور پر شدید توپ خانے سے بمباری کی گئی اور ساتھ ہی دونوں قصبوں کے مضافات میں مشین گنوں سے شدید فائرنگ کی گئی۔
قصبہ جویا میں رات گئے ہونے والی اسرائیلی فضائی غارت گری کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے لبنانی شہری دفاع کی ٹیموں نے علاج کے لیے صور شہر کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا۔
آج صبح حبوش، دیر الزہرانی اور الکفور کے قصبوں کو شدید اور مرکوز توپ خانے کی گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں نے فجر کے وقت کفر رمان کے قصبے پر فضائی حملہ کیا۔
دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ڈرون حملوں کے نتیجے میں اس کے سات فوجی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے مشرقی البیاضہ سے شمع کی طرف بڑھنے والی قابض اسرائیل کی فوجی گاڑیوں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔