(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسپین کی وزارتِ صارفین نے ملک میں سرگرم اشتہاری پلیٹ فارمز کو پابند کیا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم سیاحتی رہائش گاہوں کی تشہیر کرنے والے تمام اشتہارات فوری طور پر واپس لیں۔ اس اقدام کو فلسطینی عوام کے لیے اضافی حمایت اور قابض اسرائیلی آبادکاری کے ساتھ عملی طور پر تعلقات معمول پر لانے سے انکار قرار دیا گیا ہے۔
وزارت نے پریس کو جاری بیان میں بتایا کہ اس نے سات ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شائع ہونے والے 138 ایسے اشتہارات کی نشاندہی کی ہے جو اسپین میں بکنگ اور کرایہ کی خدمات فراہم کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں واقع سیاحتی رہائش گاہوں کی تشہیر کر رہے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان کثیر القومی کمپنیوں کو ایک ابتدائی انتباہ جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں آگاہ کیا گیا کہ ان کے پلیٹ فارمز پر موجود مواد غیر قانونی ہے کیونکہ یہ ایسے تجارتی اشتہارات پر مشتمل ہے جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم رہائش گاہوں کو فروغ دیتے ہیں۔ وزارت نے ان کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان اشتہارات کو فوراً ہٹا دیں یا ان پر مکمل پابندی عائد کریں۔
وزارت نے خبردار کیا کہ فیصلے پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ کمپنیوں کو بعد ازاں ایسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو مجاز حکام کی جانب سے اختیار کیے جائیں گے۔
یہ اقدام اس فرمان کے تناظر میں سامنے آیا ہے جسے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کی حکومت نے منظور کیا اور جس کی توثیق اسپین کی پارلیمان نے گذشتہ اکتوبر میں کی تھی۔ اس فرمان کا مقصد غزہ میں نسل کشی کا خاتمہ اور فلسطینی عوام کی حمایت بتایا گیا ہے۔
اس فرمان میں متعدد متعلقہ اقدامات شامل ہیں جن میں قابض اسرائیل سے اسلحہ خریدنے یا اسے فروخت کرنے پر پابندی اور ایسے مصنوعات کے تشہیری اشتہارات پر قدغن شامل ہے جن کا ماخذ قابض اسرائیلی آبادیاں یا مقبوضہ علاقے ہوں۔
وزارتِ صارفین نے اپنے نئے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاحتی مقامات بین الاقوامی قانون کے مطابق غیر قانونی نوآبادیاتی نظام کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے میں کردار ادا کرتے ہیں اور اس کے تسلسل میں مدد دیتے ہیں۔
یہ ہسپانوی قدم یورپ کے دیگر ممالک میں ہونے والی مماثل پیش رفت کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ فرانس میں انسانی حقوق کی لیگ نے گذشتہ اکتوبر میں آن لائن بکنگ پلیٹ فارمز کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا جو مقبوضہ فلسطینی اراضی پر قائم قابض اسرائیلی بستیوں میں سیاحتی مقامات کی تشہیر کر رہے تھے۔