غرب اردن ۔ روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں اور قصبوں میں گذشتہ شب اور جمعرات کی صبح قابض اسرائیل کی جارحیت میں بے پناہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے دھاوے بولنے، گرفتاریوں اور بھاری عسکری کمک جھونکنے کی کارروائیوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے منظم دہشت گردی کی کرروائیاں کیں۔ کئی مقامات پر جھڑپیں ہوئیں اور قابض فوج نے طبی عملے اور عام شہریوں کو بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب آبادکار نئی غیر قانونی بستیاں قائم کرنے کی اپنی مجرمانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
قابض اسرائیلی فوج نے طوباس شہر اور عقبہ و طمون قصبوں کی طرف بڑی مقدار میں اضافی فوج روانہ کی جو اس گورنری میں جاری مسلسل چھاپوں اور گرفتاریوں کا تسلسل تھا۔
متعدد نوجوانوں کو ان کے گھروں میں گھس کر گرفتار کیا گیا جبکہ پیدل گشت کرنے والے فوجی مختلف علاقوں میں پھیل گئے۔
طولکرم کے مشرق میں واقع ذنابہ سمیت عنباتا اور کفر ثلث قصبوں میں قابض اسرائیلی فورسز نے دھاوے بولے اور عمر هشام ابو کامله سمیت کئی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ اسی طرح قلقیلیہ شہر ، عزون اور کفر ثلث میں تازہ چھاپوں کے دوران عوض لوویل اور ہادی غنام نامی دو کم سن فلسطینی بھی حراست میں لیے گئے۔
البیرہ شہر اور جبل الطویل میں گھس کر کارروائیاں کی گئیں اورقابض فوج نے بے تحاشا گیس شیل فائر کیے۔ دورا القرع، قصبہ بیرزیت اور ابو قش میں بھی دھاوے بولے گئے اور گاڑیوں کی آمد و رفت میں روک ٹوک پیدا کی گئی۔
الخلیل میں قابض اسرائیلی فورسز نے سعیر اور نوبا سے متعدد نوجوان گرفتار کیے جبکہ جنوب الخلیل کے علاقے مثلث الرماضین میں تجارتی تنصیبات اور دکانیں مسمار کر دیں۔
بیت لحم میں حوسان گاؤں کے ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا جبکہ شہر کے مشرق میں واقع قصبہ زعترہ میں بھی چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔
نابلس کے مشرق میں قائم بلاطہ کیمپ میں ایک بڑی یلغار کی گئی جس میں حارہ الحشاشین کے گھروں پر دھاوا بولا گیا اور خلیل رياحی سمیت کئی نوجوانوں کو لے جایا گیا۔ اسی طرح شہر کے مشرق میں واقع تلہ عسكر بھی قابض فوج کے دھاوے کا نشانہ بنا۔
القدس میں قابض اسرائیلی فوج نے رأس خمیس میں کارروائی کے دوران گیس شیل فائر کیے۔
ریڈ کراس کی فلسطینی برانچ نے بتایا کہ جنوبی جنین کے قصبہ قباطیہ میں اسرائیلی فوجیوں نے دو کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دونوں زخمی ہو گئے۔
اس کے ساتھ ہی آبادکاروں نے جنوب نابلس کے قصبہ جماعین کی اراضی پر ایک نئی غیر قانونی بستی بھی قائم کر دی۔
دھاووں اور مسماریوں میں مسلسل اضافہ اور مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی کمک کی آمد اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ قابض اسرائیل نے پورے مقبوضہ مغربی کنارے میں سفاکیت کی ایک نئی اور شدید لہر شروع کر دی ہے۔ طوباس، طولکرم، نابلس اور الخلیل اس جارحیت کا خاص ہدف رہے جبکہ کئی علاقوں میں گرفتاریاں اور چھاپے مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہے۔