(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) سفاک اسرائیلی سیکیورٹی اداروں کی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غزہ کے خلاف دو سال سے جاری جنگ کے باوجود فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس بدستور ایک مؤثر عسکری طاقت کے طور پر موجود ہے۔
فلسطینی خبر ایجنسی سما کے مطابق، عبرانی ٹی وی چینل ۱۴ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابض تل ابیب کے سیکیورٹی اداروں کے جائزوں سے پتا چلتا ہے کہ حماس کے مجاہدین کی تعداد تقریباً ۲۰ ہزار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حماس کے پاس اب بھی سینکڑوں راکٹ موجود ہیں، جن میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھی شامل ہیں جو غاصب اسرائیل کے مرکزی علاقوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
قابض سیکیورٹی رپورٹ کے مطابق حماس کی عسکری تنظیمی ساخت میں چھ بریگیڈ اور چوبیس بٹالین شامل ہیں، جن میں سے متعدد اب بھی سرگرم ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ جنگ سے قبل موجود حماس کے زیرِ زمین سرنگی نظام کا نصف سے زیادہ حصہ اب بھی فعال ہے۔