(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی مزاحمتی سکیورٹی فورس کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ اندرونی محاذ کو منظم کرنے اور سماجی استحکام کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ایک جامع سکیورٹی منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
افسر نے "الحارس” نامی پلیٹ فارم (جو مزاحمتی سکیورٹی ادارے کے زیر انتظام ہے) کو دیے گئے ایک بیان میں کہا کہ سکیورٹی ادارے تمام علاقوں میں مجرمانہ اور سکیورٹی مقدمات میں مطلوب افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے فوری کارروائیاں شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مطلوب افراد یا ان کی پشت پناہی کرنے والوں کی اطلاع دے کر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں کیونکہ یہ تعاون اندرونی محاذ کے تحفظ کے لیے ایک قومی فریضہ اور اجتماعی ذمہ داری کا حصہ ہے۔
افسر نے وضاحت کی کہ اطلاع دینے کا عمل "الحارس” پلیٹ فارم کے ذریعے یا قریبی سکیورٹی مرکز پر جا کر انجام دیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سماجی امن و استحکام صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب پوری قوم اس قومی ذمہ داری کو متحد ہو کر ادا کرے۔