(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے اقوام متحدہ میں کولمبیا کے صدر گسٹاؤ پیٹرو کی جانب سے فلسطین کی آزادی کے لیے عالمی فوج تشکیل دینے کی تجویز کو دلیرانہ اور تاریخی قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمنی اس عالمی فوج کی تجویز اور صدر پیٹرو کے مؤقف پر فخر محسوس کرتے ہیں اور فلسطین کی آزادی کے لیے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہیں۔
المشاط نے واضح کیا کہ یمن پہلے ہی صہیونی حکومت کے خلاف جنگ میں شریک ہے اور صنعا کی جانب سے سفاک اسرائیلی جہازوں اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی طرف جانے والی کشتیوں پر بحری پابندی اس کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یمنی افواج نے غزہ میں صہیونی نسل کشی کے خلاف یکجہتی کے طور پر متعدد کارروائیاں کی ہیں جن میں میزائل اور ڈرون حملے شامل ہیں۔
المشاط نے کہا کہ ہم اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے اور ہر اس ملک کا خیرمقدم کریں گے جو انسانی اقدار کے دفاع میں اس عسکری کوشش میں شریک ہونا چاہے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کولمبیا کے صدر گسٹاؤ پیٹرو نے ایک جرات مندانہ مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں ہتھیار اور افواج جمع کرنی ہوں گی۔ ہمیں فلسطین کو آزاد کرنا ہوگا۔