(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آزاد ریاست کا قیام فلسطینیوں کا حق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں خونریزی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ فلسطین کے حوالے سے اعلیٰ سطح کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے لیے ریاست کا قیام ان کا ایک بنیادی حق ہے انعام نہیں۔
یو این سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی خوفناک ہے، فلسطین میں ہونے والی خونریزی کی صورتحال قابل قبول نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور لوگوں کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مغربی کنارے پر صہیونی بستیوں کی مسلسل تعمیر و توسیع کا کوئی قانونی جواز پیش نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع کو ہر صورت روکنا ہوگا ،یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اس کے ساتھ الحاق کا خطرہ اور سفاک صہیونی آباد کاروں کے تشدد کی شدت کو روکنا بھی ضروری ہے۔