(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ)امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی پرامن رہائی کے قابض ریاست کے تمام دعوے جھوٹے ہیں، گریٹر اسرائیل کا ایجنڈا عالمی امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں عرب اسلامی ہنگامی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر قطر نے کہا کہ اسلامی ممالک کے رہنماؤں کو دوحہ آمد پرخوش آمدید کہتا ہوں، قابض اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسلی کشی ہورہی ہے، صہیونی ریاست نے انسانیت کے خلاف جرائم میں تمام حدیں پار کردیں۔
نہوں نے کہا کہ دوحہ میں قابض اسرائیل کا حملہ بہت بڑی جارحیت تھی، صہیونی ریاست نے قطر کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی، قطر نے ثالث کے طور پر خطے میں امن کے لیے مخلصانہ کوششیں کیں،قابض اسرائیل نے مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرتے ہوئے حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا۔
امیر قطر کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست کا حملہ قطر کی خود مختاری، بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی تھا، قابض اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کُشی کر رہا ہے، صیہونی حکومت انسانیت کےخلاف جرائم کی مرتکب ہوئی ہے، قابض ریاست کی طرف سے عالمی قوانین کی سنگین پامالی لمحہ فکریہ ہے۔