(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ایک ٹرانسپورٹ ڈرائیور امین مسلم قابض اسرائیلی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف تھے۔ فائرنگ کے اس واقعے کے نتیجے میں ان کے ساتھ موجود کئی دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
ناصر میڈیکل کمپلیکس نے اپنے ایک بیان میں اس مجرمانہ اور وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جو طبی عملے اور ہسپتالوں کو براہِ راست نشانہ بنانے کے مترادف ہے۔ ادارے نے قابض اسرائیل کو ان منظم اور بار بار ہونے والے حملوں کا براہِ راست ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
بیان میں عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری اور سنجیدہ مداخلت کریں تاکہ ان سنگین خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے اور میدان میں کام کرنے والے طبی عملے کو ضروری تحفظ فراہم کیا جا سکے۔