(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوحہ میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر کوقابض اسرائیل کی جانب سے نشانہ بنایا گیا جس میں متعدد افراد شہید ہوئے جس پر ہم فلسطین اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
افغان حکومت نے قطر کے خلاف صہیونی جارحیت اور حماس کے سیاسی دفتر کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ ایک سفاکانہ عمل ہے جو انسانی اقدار کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ غاصب اسرائیل بار بار عالمی انسانی حقوق اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل جرائم کا مرتکب ہو رہا اس سفاکیت پر بااثر ممالک اور عالمی اداروں کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ ہم قابض ظالم حکومت کی جارحیت اور جنگی جرائم کو فوری طور پر روکنے، ریاستوں کی خودمختاری کے احترام اور فلسطین میں مظلوم مسلمانوں کے خلاف جاری صہیونی بربریت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔