(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) یمنی مقاومتی تنظیم انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے کہا ہے کہ غزہ کے خلاف صہیونی جارحیت میں امریکہ اور بعض مسلمان حکومتیں بھی برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تل ابیب اور واشنگٹن نے مل کر صدی کی سب سے بڑی جنایت کو عملی جامہ پہنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی مصیبتیں اس حد تک بڑھ گئی ہیں کہ بچوں سے دودھ تک چھین لیا گیاہے جبکہ مسجدالاقصی اور غرب اردن پر صہیونی حملے روز کا معمول بن چکے ہیں۔ یہ سب کچھ امت مسلمہ کے سامنے ہو رہا ہے۔ افسوس ہے کہ کچھ مسلم حکومتیں ان مظالم پر نہ صرف خاموش ہیں بلکہ دشمن کے ساتھ سازباز کررہی ہیں۔ فلسطین کے مسئلے نے یہ حقیقت آشکار کردی ہے کہ امتِ اسلامیہ اخلاقی و انسانی اعتبار سے شدید زوال کا شکار ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ صہیونی منصوبے صرف فلسطین تک محدود نہیں بلکہ ناجائز گریٹر اسرائیل اور جدید مشرق وسطی جیسے منصوبوں کے تحت پورے خطے کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کی نجات ذلت و غلامی میں نہیں بلکہ جہاد اور دشمن کا مقابلہ کرنے میں ہے۔ امتِ مسلمہ نے اب تک جتنے بھی متبادل راستے آزمائے ہیں، سب ناکام ثابت ہوچکے ہیں اس لیے قرآن و رسولؐ کے راستے کو اختیار کرنا ہی واحد حل ہے۔
انصاراللہ کے قائد نے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطینی عوام کی حمایت پر قائم ہیں اور دنیا کے تمام آزاد انسانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ صہیونی مظالم کو روکنے کے لیے آواز بلند کریں۔