(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے صہیونی حکومت کے انسانیت سوز جرائم کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی تاریخی مزاحمت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ اس فلسطینی مقاومت اور جدوجہد کی حمایت کرتا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق عراقچی نے دوحہ کے دورے کے دوران فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن خلیل الحیه اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اور غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر عراقچی نے کہا کہ قابض اسرائیل غزہ اور مغربی کنارے میں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو بھوک اور قحط کے ذریعے نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے مختلف ممالک میں سفاکانہ اسرائیلی جرائم کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو عالمی بیداری کی علامت قرار دیا اور کہا کہ اسلامی ممالک کو یکجا ہو کر صہیونی نسل کشی روکنے، فوری انسانی امداد فراہم کرنے اور غاصب اسرائیلی رہنماؤں کو عالمی عدالتوں میں سزا دلانے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
ملاقات کے دوران حماس کے رہنما خلیل الحیه نے غزہ کی تازہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کے بدترین مظالم کے باوجود فلسطینی عوام اپنے قانونی حقوق کے دفاع کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ کا محاصرہ ختم کرنے، فوری انسانی امداد فراہم کرنے اور صہیونی قبضے و نسل کشی کے مقابلے کے لیے متحد ہوکر مؤثر اقدامات کرے۔