(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) حکومتی میڈیا آفس نے تصدیق کی ہے کہ قابض اسرائیل کی غزہ پر جاری نسل کشی کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد بڑھ کر دو سو اٹھاون ہو گئی ہے۔ گذشتہ روز صحافی رسمی جہاد سالم بھی شہید ہو گئے جو المنارہ میڈیا کمپنی میں فوٹوگرافر کے طور پر کام کر رہے تھے۔
حکومتی میڈیا آفس نے اپنے بیان میں قابض اسرائیل کی طرف سے فلسطینی صحافیوں کو نشانہ بنانے، قتل کرنے اور اغوا کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور بین الاقوامی صحافی یونین، عرب صحافی یونین اور دنیا بھر کے تمام صحافتی اداروں سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں صحافیوں کے خلاف جاری یہ منظم جرائم سختی سے مسترد کریں۔بیان میں کہا گیا کہ قابض اسرائیل، امریکہ کی انتظامیہ اور نسل کشی میں شریک دیگر ممالک جیسے برطانیہ، جرمنی اور فرانس اس درندگی کے لیے پوری طرح ذمہ دار ہیں۔
حکومتی میڈیا آفس نے عالمی برادری، بین الاقوامی اداروں اور دنیا بھر کے صحافتی و میڈیا اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض اسرائیل کے جرائم کی مذمت کریں انہیں روکنے کے لیے سخت اقدامات کریں اور بین الاقوامی عدالتوں میں ان کے جرائم کے مرتکب افراد کو عدالت کے کٹہرے میں لائیں۔ساتھ ہی عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں، قابض اسرائیل کی نسل کشی کی کارروائیوں کو بند کروائیں اور صحافیوں کے قتل و اغوا کو فوری طور پر روکیں۔