سرایا القدس کا غزہ کے قریب صہیونی بستیوں پر راکٹ حملہ
سرایا القدس نے اپنے آفیشل ٹیلیگرام چینل پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ اس کے مجاہدین نے صیہونی بستیوں بئیری اور شواکیدہ کو کئی راکٹوں سے نشانہ بنایا۔
(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی جہاد کے عسکری بازو سرایا القدس نے قابض اسرائیل کے زیرِ تسلط غزہ کی سرحد کے قریب واقع صیہونی بستیوں پر متعدد راکٹ فائر کیے۔
سرایا القدس نے اپنے آفیشل ٹیلیگرام چینل پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ اس کے مجاہدین نے صیہونی بستیوں بئیری اور شواکیدہ کو کئی راکٹوں سے نشانہ بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کارروائی قابض اسرائیل کی جانب سے ہمارے نہتے عوام کے خلاف کیے جانے والے جرائم اور مظالم کے جواب میں کی گئی ہے۔
اسی دوران سرایا القدس نے یہ بھی اطلاع دی کہ گزشتہ روز ہفتے کو غزہ شہر کے جنوبی علاقے الزیتون کے محلہ حسن البنا میں دراندازی کی کوشش کرنے والی ایک قابض اسرائیلی فوجی بکتر بند گاڑی کو ایک طاقتور دھماکہ خیز ڈیوائس کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔
اتوار کی شام جاری ہونے والے ایک علیحدہ بیان میں سرایا القدس نے اعلان کیا کہ اس کے مجاہدین نے خان یونس کے شمال میں شارع نمبر پانچ پر موجود صیہونی فوجیوں اور ان کی گاڑیوں پر ساٹھ ملی میٹر کے مارٹر گولوں سے حملہ کیا۔
اس سے قبل اتوار کی شام صیہونی فوجی ریڈیو نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ غزہ کے وسطی علاقے سے فائر کیا گیا ایک راکٹ "علومیم” نامی بستی کے قریب گرا۔
واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں مسلسل چھ سو اکیاسیویں دن بھی اپنی قوم، سرزمین اور مقدس مقامات کے دفاع کے لیے قابض اسرائیل کی فوجی جارحیت اور اجتماعی قتلِ عام کے خلاف اپنی تاریخی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔