الجزیرہ کے شہید صحافی انس الشریف کے قاتلوں پر عالمی عدالت میں مقدمہ
ند رجب فاؤنڈیشن نے آئی سی سی میں شکایت درج کرائی ہے، جس میں انس الشریف، ان کے ساتھیوں اور دیگر شہید صحافیوں کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) ہند رجب فاؤنڈیشن نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں ایک باضابطہ شکایت درج کرائی ہے جس میں الجزیرہ کے غزہ میں شہید صحافی انس الشریف ان کے ساتھیوں اور دیگر مقتول میڈیا اہلکاروں کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تنظیم نے قابض اسرائیلی فوج کے چھ اعلیٰ سفاک و ظالم فوجی کمانڈروں کو اس قتل ِعام کا براہِ راست ذمہ دار ٹھہرایا ہے جن میں فوج کے درندہ صفت سربراہ ایال زامیر، فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل تومر بار، اور جنوبی کمان کے سربراہ میجر جنرل یانیف آسور شامل ہیں۔ فاؤنڈیشن نے واضح کیا کہ قابض نسل کش صہیونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو جو پہلے ہی آئی سی سی کو مطلوب ہیں اس پوری سیاسی حکمت عملی کے اصل سرغنہ ہیں۔
یہ شکایت اس وقت درج کرائی گئی جب گزشتہ اتوار کو الجزیرہ کے دو صحافی انس الشریف اور محمد قریقع اس وقت شہید ہو گئے جب قابض فوج نے غزہ کے الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے قریب ان کے خیمے کو نشانہ بنایا۔ اس واقعے کے بعد قابض اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے صحافیوں کی کل تعداد دو سو چھتیس ہو گئی ہے۔
برسلز میں قائم ہند رجب فاؤنڈیشن فروری 2024 میں قائم ہوئی تھی اور اس کا مقصد قانونی کارروائیوں کے ذریعے قابض اسرائیلی فوجی اور سیاسی رہنماؤں کو فلسطینی عوام کے خلاف جنگی جرائم پر انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے۔ یہ ادارہ اس پانچ سالہ معصوم فلسطینی بچی کے نام پر رکھا گیا ہے جو انتیس جنوری 2024 کو اپنے چھ رشتہ داروں سمیت صہیونی ظالمانہ حملے میں شہید ہو گئی تھی۔