(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے قریب ایک قابض اسرائیلی بکتر بند گاڑی کو ایک انتہائی طاقتور دھماکا خیز ڈیوائس سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد صہیونی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
القسام بریگیڈز نے اپنے عسکری بیان میں بتایا کہ یہ حملہ خان یونس کے شمال مشرقی علاقے الزنہ میں ایک خاص قسم کی بارودی سرنگ کے ذریعے کیا گیا۔ بیان کے مطابق حملے کے بعد قابض اسرائیلی فوج کی ایئر ایمبولینسز کو زخمیوں کو نکالنے کے لیے علاقے میں اترتے ہوئے دیکھا گیا۔
اس سے قبل آج ہی القسام بریگیڈز نے جنوبی خان یونس کے قریب موراج کے محاذ پر قابض فوج کے ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور مشرقی غزہ کے التفاح محلے میں ایک اور اسرائیلی تنصیب کو بھاری مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا تھا۔
حالیہ دنوں میں غزہ بھر میں خاص طور پر جنوبی علاقوں خان یونس اور رفح میں فلسطینی مزاحمتی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے، جس کے نتیجے میں قابض فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ یہ کارروائیاں قابض اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر جاری مظالم کے خلاف فلسطینی قوم کے جذبۂ مزاحمت کی عکاسی کرتی ہیں۔